ریئل اسٹیٹ سافٹ ویئر اردو میں: ہاؤسنگ اسکیم چلانے والوں کے لیے مکمل رہنمائی
پلاٹ بکنگ، اقساط کی ریکوری، ڈیلر کمیشن، زمین مالکان اور اکاؤنٹس، سب اردو میں۔ 2016 سے بہاولپور، یزمان اور خیرپور ٹامیوالی کے 17 منصوبوں کا تجربہ۔
By Muhammad Safdar Iqbal · · 7 min read
2016 میں بہاولپور کے ایک ڈویلپر نے مجھ سے اپنی ایک ہاؤسنگ اسکیم، الرحیم ٹاؤن کے لیے سافٹ ویئر بنوایا۔ ان کی پلاٹ فائلیں ایک رجسٹر میں تھیں، قسطوں کا حساب دوسرے رجسٹر میں، اور کیش بک الگ۔ آج وہی ریئل اسٹیٹ سافٹ ویئر، جسے اب ہم Turner 10 کہتے ہیں، بہاولپور، یزمان اور خیرپور ٹامیوالی کے 17 منصوبوں پر چل چکا ہے، اور 2026 میں دو نئے منصوبے اس میں شامل ہوئے ہیں۔
یہ مضمون اُن بلڈرز اور ڈویلپرز کے لیے ہے جو اپنی اسکیم کا کام رجسٹر، ایکسل اور واٹس ایپ گروپ سے نکال کر ایک سسٹم میں لانا چاہتے ہیں، اور جن کا عملہ انگریزی کے بجائے اردو میں کام کرنا پسند کرتا ہے۔
ہماری اسکیموں کا اصل کام کاؤنٹر پر، فیلڈ میں اور فون پر ہوتا ہے۔ بکنگ آفیسر، ریکوری والا عملہ اور اکاؤنٹنٹ دن بھر اردو میں سوچتے اور بات کرتے ہیں۔ جب سافٹ ویئر صرف انگریزی میں ہو تو یا تو کام سست ہو جاتا ہے، یا ایک دو لوگ ہی اسے چلا پاتے ہیں اور باقی سب پھر کاغذ پر آ جاتے ہیں۔
Turner 10 پورا کا پورا اردو میں چلتا ہے۔ صرف مینو کا ترجمہ نہیں، پوری اسکرین دائیں سے بائیں ہو جاتی ہے، اور اردو کے لیے نستعلیق یا نسخ فونٹ چُنا جا سکتا ہے۔ زبان سائن اِن سے پہلے ہی بدلی جا سکتی ہے، اور ہر صارف انگریزی، اردو یا عربی میں سے اپنی زبان خود چُنتا ہے۔
اردو میں ورک اسپیس: ہر شعبے کے ماڈیول الگ گروپ میں۔
دس سال میں جتنی اسکیمیں دیکھیں، سب میں پیسہ تقریباً انہی جگہوں سے نکلتا ہے:
وہ قسطیں جن کا وقت پر پیچھا نہیں ہوا۔ رجسٹر یہ بتاتا ہے کہ کس نے قسط دی، یہ نہیں بتاتا کہ کس نے نہیں دی۔ جب تک مہینے کے آخر میں پتہ چلتا ہے، کسٹمر دو قسطیں پیچھے جا چکا ہوتا ہے۔
ایک پلاٹ دو بار بِک جانا۔ بکنگ کے سیزن میں دو ڈیلر ایک ہی کونے والا پلاٹ بیچ دیتے ہیں، اور پھر مہینوں کا جھگڑا۔
غلط سودے پر کمیشن۔ کینسل ہونے والی بکنگ پر کمیشن چلا جاتا ہے، یا ایک ہی کسٹمر پر دو ڈیلر دعویٰ کرتے ہیں۔
زمین مالک کا حساب کسی کے ذہن میں۔ جس زمیندار کی زمین پر بلاک بنا، اس سے پلاٹ اور رقم کا وعدہ ہوا تھا۔ اگر اس کا حساب ایک صفحے پر ہے تو ہر ملاقات ایک نئی بحث بن جاتی ہے۔
مہینے کے آخر کی ملاپ۔ اکاؤنٹنٹ کئی دن رسید بُکیں، بینک اور سیل رجسٹر ملاتا رہتا ہے۔
Turner 10 کی ریکوری اسکرین تین نمبروں سے کھلتی ہے: آج تک کتنی رقم واجب تھی، کتنی وصول ہوئی، اور کتنی باقی ہے۔ ان کے نیچے یہ کہ کتنی قسطیں لیٹ ہیں اور آج کتنے کسٹمرز کو فون کرنا ہے۔ پھر ہر قسط، ہر پلاٹ اور ہر کسٹمر کی فہرست، جس میں یونٹ نمبر، نام، شناختی کارڈ یا موبائل نمبر سے تلاش ہو سکتی ہے۔
ادا شدہ، جزوی ادا شدہ اور غیر ادا شدہ کی حالت ہر بار کسٹمر کے لیجر سے نکالی جاتی ہے۔ کوئی ہاتھ سے "ادا شدہ" نہیں لکھتا، اس لیے غلط بھی نہیں لکھ سکتا۔ ہر کال فون کال لاگ میں جاتی ہے، اور کسٹمر جو وعدہ کرے وہ کمٹمنٹ کے طور پر درج ہوتا ہے، تاکہ اگلی شفٹ والا وہیں سے بات شروع کرے۔ فہرست پرنٹ بھی ہوتی ہے اور CSV میں بھی نکلتی ہے، کیونکہ ہمارے ہاں ریکوری والا عملہ آج بھی چھپی ہوئی فہرست لے کر فیلڈ میں جاتا ہے۔
جب فون کا جواب آنا بند ہو جائے تو لیگل نوٹسز کا رجسٹر ہر نوٹس، اس کا مرحلہ اور آگے کی کارروائی سنبھالتا ہے۔
اردو میں انسٹالمنٹ ریکوری۔ تصویر میں نام، شناختی کارڈ اور فون نمبر فرضی ہیں۔
اسکیم میں ایک سیل ایک لین دین نہیں، ایک سلسلہ ہے: بکنگ اور ایڈوانس، پھر معاہدہ، پھر برسوں کی قسطیں۔ کسٹمر اپنی فائل واپس بیچ سکتا ہے، اور ڈویلپر وہی پلاٹ نئی قیمت اور نئے پلان پر آگے بیچ سکتا ہے۔ Turner 10 میں یہ سب ایڈ سیل اور ری سیل سے ہوتا ہے، اور ساتھ کے رجسٹر یہ دکھاتے ہیں: کون سے پلاٹ دستیاب ہیں، کون سے کینسل ہوئے، کون سے دوبارہ بکے، ہر کینسلیشن پر کتنا نفع یا نقصان ہوا، اور ہر پلاٹ کی رجسٹری کا ریکارڈ۔
ہر سیل کنٹریکٹ "ایک نظر میں" کھلتا ہے: کل قیمت، بل کی گئی رقم، وصول شدہ، باقی، اور ہر مد کی ریکوری۔
زمین مالک نہ کسٹمر ہے نہ وینڈر۔ اس کے ساتھ پلاٹ بھی چلتے ہیں اور رقم بھی، دونوں طرف۔ Turner 10 میں معاہدہ درج ہوتا ہے، خریدی گئی زمین فرد کے ریکارڈ کے ساتھ پلاٹوں میں تقسیم ہوتی ہے، ہر مالک کے حصے کے پلاٹ دکھتے ہیں، اور ادائیگیاں معاہدے کے مطابق ہوتی ہیں۔ جب زمیندار دفتر آئے تو اس کا حساب ایک اسکرین پر ہوتا ہے۔
زمین مالک کا کھاتہ ایک نظر میں۔ نام اور زمین کا ریکارڈ نمبر فرضی ہیں۔
کمیشن لینے والے سب ایک جیسے نہیں ہوتے۔ Turner 10 میں ایجنٹ، فری لانسر، ملازم ایجنٹ، سیلز آفیسر اور انویسٹر ایجنٹ الگ الگ ہیں، ہر ایک کی اپنی فہرست اور اپنی ادائیگیاں۔ انویسٹرز کی اپنی فائلیں ہیں، مین انویسٹر کے نیچے سب انویسٹر، اور دونوں طرف کی رقم کا حساب۔
ہر رسید اور ادائیگی خود ایک متوازن جرنل انٹری بناتی ہے، اور کوئی واؤچر حذف نہیں ہو سکتا، صرف درست کیا جا سکتا ہے۔ چار سطحوں والا چارٹ آف اکاؤنٹس، اور ڈے بک، ٹرائل بیلنس، بیلنس شیٹ، انکم اسٹیٹمنٹ اور اکاؤنٹ لیجر انہی انٹریوں سے بنتے ہیں۔ تنخواہ اور اخراجات بھی انہی کھاتوں میں جاتے ہیں۔
ہر اسکیم کی اپنی ورک اسپیس ہے اور اوپر ہیڈ آفس کی ورک اسپیس۔ عملے کو صرف وہی منصوبے اور ماڈیول دکھتے ہیں جن کی اجازت ان کے رول کو ہے، اور ہر ماڈیول کھولتے وقت سرور پر دوبارہ اجازت چیک ہوتی ہے۔ الرحیم کے سات منصوبے اسی طرح ایک ہی سسٹم میں چلے ہیں۔
عملہ دن کے آٹھ گھنٹے اسی اسکرین پر گزارتا ہے، اس لیے ہر صارف 32 روشن اور گہری تھیمز میں سے اپنی پسند چُن سکتا ہے، ٹیبل کی کثافت اور تحریر کا سائز اپنی آنکھوں کے مطابق رکھ سکتا ہے۔ کسٹمر اور زمین مالک کی "ایک نظر میں" فائلیں بلیک گولڈ تھیم میں سب سے اچھی لگتی ہیں۔
اجمل گارڈن، خیرپور ٹامیوالی، اور اسی ٹیم کے لیے الحرم
غفور ٹاؤن (2017)
العرفات ٹاؤن، العرفات بلڈرز کے لیے
گرین ٹاؤن، گرین بلڈرز کے لیے
النور گارڈن اور تسکین گارڈن
الاحمد بلڈرز کے لیے آرڈر پر تیار کیا گیا سسٹم
کوئی بلڈر اپنی اگلی اسکیم کے لیے وہی سافٹ ویئر دوبارہ نہیں لیتا جب تک پہلی اسکیم میں اس نے اپنی قیمت پوری نہ کر دی ہو۔ قمر گارڈن دوسرے فیز کے لیے واپس آیا، اجمل گارڈن والوں نے الحرم کے لیے دوسرا سسٹم لیا، اور الرحیم کے نام سے سات منصوبے چلے۔
قیمت اس پر منحصر ہے کہ کتنی اسکیمیں اور کون سے ماڈیول چاہئیں، اور رجسٹروں سے کتنا ڈیٹا منتقل کرنا ہے۔
حساب سادہ ہے۔ فرض کریں آپ کی اسکیم میں 400 فائلیں قسطوں پر ہیں اور اوسط قسط 30,000 روپے ہے، یعنی ہر مہینے ایک کروڑ بیس لاکھ روپے آنے ہیں۔ اگر بہتر ریکوری سے صرف 2 فیصد زیادہ رقم وقت پر آ جائے تو یہ ہر مہینے 2 لاکھ 40 ہزار روپے ہیں۔ 5 فیصد ہو تو 6 لاکھ۔ یہ مثال ہے، کسی کلائنٹ کا ڈیٹا نہیں، اپنے نمبر رکھ کر خود حساب لگائیں۔
قیمت پوری ہونے کے مہینے = سافٹ ویئر کی قیمت ÷ ہر مہینے کا فائدہ
کیا پورا سافٹ ویئر اردو میں ہے؟ جی ہاں۔ پوری اسکرین اردو میں، دائیں سے بائیں، نستعلیق یا نسخ فونٹ کے ساتھ۔ عملہ کسی بھی وقت اردو، انگریزی اور عربی میں بدل سکتا ہے۔
کیا ایک سے زیادہ اسکیمیں ایک سسٹم میں چل سکتی ہیں؟ جی ہاں، ہر اسکیم کی اپنی ورک اسپیس اور اوپر ہیڈ آفس۔
پرانا ریکارڈ رجسٹروں اور ایکسل میں ہے، کیا وہ منتقل ہو سکتا ہے؟ جی ہاں۔ وقت اسی پر منحصر ہے کہ ڈیٹا کتنا ہے اور کس حالت میں ہے، اس لیے تحریری پلان میں ہم آپ کے ڈیٹا کو دیکھ کر وقت بتاتے ہیں۔
کیا آپ صرف بہاولپور میں کام کرتے ہیں؟ ہمارا دفتر بہاولپور میں ہے اور زیادہ تر منصوبے بہاولپور، یزمان اور خیرپور ٹامیوالی میں ہیں۔ پاکستان کے دوسرے شہروں اور بیرونِ ملک کے ڈویلپرز کے ساتھ ویڈیو کال پر کام کرتے ہیں۔